• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی، تھانہ گنج منڈی کے سامنے دھماکہ، 3 بچوں سمیت 25 زخمی

راولپنڈی،اسلام آباد (نمائندہ جنگ) راولپنڈی کے تھانہ گنج منڈی کے سامنے ہینڈ گرنیڈ کے دھماکہ میں3بچوں سمیت25افرادزخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق اتوارکی دوپہردوبجے شہرکے اہم تجارتی مرکزگنج منڈی کے قریب ریلوے ورکشاپ روڈ پر پولیس سٹیشن کے سامنے ایک واٹرفلٹریشن پلانٹ کے قریب کھڑی ریڑھیوں کے درمیان زورداردھماکہ ہوا۔

جس سے متعدد افرادزخمی ہوگئے جس وقت دھماکہ ہوابڑی تعدادمیں لوگ خریداری کے لئے جمع تھے بعض عینی شاہدین کے مطابق ایک موٹرسائیکل پرسواردونامعلوم افرادنے دستی بم پھینکا اورموقع سے فرارہوگئے۔

زخمیوں کوموقع پر موجود لوگوں نے فوری طورپراپنی مددآپ کے تحت قریب ہی واقع ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال پہنچایا ،زخمیوں میں 22سالہ حیدر،24سالہ نوید،32سالہ عبدالواحد،33سالہ ارشدشامل ہیں۔ 

ریسکیوترجمان کے مطابق پرائیویٹ طورپرہسپتال میں منتقل کئے گئے زخمی افرادمیں 35سالہ میرخان ،35سالہ واجد،40سالہ منیر،18سالہ حمیرا،20سالہ ذیشان ،13سالہ اکاش ،17سالہ شعیب اکرم ،60سالہ کرامت ،35سالہ ظاہرالحق،22سالہ ریان ،37سالہ یونس ،21سالہ عتیق ،48سالہ یاسمین ،22سالہ جلال ،20سالہ گلفراز،19سالہ خیراگل ،21سالہ شکیل ،تین سالہ موسیٰ،چارسالہ شنایہ،چھ سالہ حفضہ اور33سالہ عبدالقادرشامل ہیں۔

پولیس نے موقع پرپہنچ کرعلاقہ کوگھیرے میں لے لیا، بم ڈسپوزل سکواڈاورپنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی کےعملہ نےشواہداکھٹے کئے گئے ۔

بعدزاں آرپی اور اورسی پی اوراولپنڈی نے بھی موقع کادورہ کیا اوروہاں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہ دھماکے کی نوعیت معلوم کی جارہی ہے دہشت گردی کوخارج ازامکان قرارنہیں دیاجاسکتاابتدائی تحقیقات میں بظاہرکریکریادستی بم دھماکہ لگتاہے تاہم تحقیقات کے بعددھماکہ کی نوعیت کے بارے میں حتمی رائے دی جاسکے گی۔

انہوں نے کہاکہ یہ دھماکہ دوپولیس سٹیشنوں کے درمیان ہوااورہم اس میں ملوث ملزموں کونہیں چھوڑیں گے انہیں گرفتارکرکے قانون کے تحت سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں کیفرکردارتک پہنچایاجائے گا۔ 

سی ٹی ڈی افسران نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا اردگردکی دکانوں پرلگے کلوزسرکٹ ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے جب کہ سی پی اوکے حکم پراڈاپیرودھائی سمیت مختلف مقامات پرسرچ آپریشن بھی کئے گئے۔

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی بر ائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طا ہر اشرفی نے کہا کہ راولپنڈی میں دستی بم دھماکہ افسوسناک ہے،فوج ، قوم اور سلامتی کے ادارے دہشت گردوں کو ناکام بنائیں گے ۔ دہشت گردوں اور پاکستان دشمنوں کے عزائم نہ کل کامیاب ہوئے نہ اب ہوں گے۔

تازہ ترین