• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم ٹرافی: دفاعی چیمپئن سینٹرل پنجاب کی مسلسل تیسری فتح


قائداعظم ٹرافی کے 8ویں راؤنڈ میں سینٹرل پنجاب نے بلوچستان کو ہرا کر ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔

خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو شکست دے دی جبکہ ناردرن کی ٹیم سندھ کے خلاف اننگز کی شکست کے خطرے سے دوچار ہے۔

سینٹرل پنجاب کے کپتان فاسٹ بولرحسن علی نے میچ میں10 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسد شفیق نے سنچری جڑ دی۔

اسٹیٹ بینک گراؤنڈ پر دفاعی چیمپئن سینٹرل پنجاب نے تیسرے روز ہی بلوچستان کو 9 وکٹ سے شکست دے کرمسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔


بلوچستان کے 47 رنز کا ہدف سینٹرل پنجاب نے ایک وکٹ پر حاصل کرلیا، اس سے قبل سینٹرل پنجاب نے پہلی اننگز میں 369 رنز بنائے تھے۔

بلوچستان کے عمید آصف اور جلات خان کی ساتویں وکٹ کی شراکت میں 138 رنزکی بدولت بلوچستان کی ٹیم تیسرے روز 46 رنزکی برتری حاصل کرنے کے بعد 285 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

دوسری طرف یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو 10 وکٹ سے ہرادیا۔

سدرن پنجاب کے 4 رنز کا معمولی ہدف خیبرپختونخوا نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کیا۔

میچ میں سدرن پنجاب کو فالو آن کا سامنا کرنا پڑا، جو دوسری اننگز میں 3 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد 200 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

تیسرے میچ جو نیشنل اسٹیدیم میں جاری ہے، جہاں ناردرن کی ٹیم سندھ کے خلاف اننگز کی شکست کے خطرے سے دوچار ہے۔

سندھ کی ٹیم نے 311 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد پہلی اننگز 514 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی، کپتان اسد شفیق 117 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کھیل کے خاتمے پر ناردرن نے چار وکٹ پر 126 رنز بنالیے ہیں، 185 رنز کا خسارہ ابھی باقی ہے۔

تازہ ترین