• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان آئی سی سی کے تمام بڑے ایونٹس کی میزبانی کیلئے کوشاں ہے، وسیم خان

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) محمد وسیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے تمام بڑے ایونٹس کی میزبانی کےلیے کوشش شروع کردی ہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو میں وسیم خان نے کہا کہ ورلڈ کپ، انڈر 19ورلڈ کپ اور ویمنز ورلڈ کپ سمیت آئی سی سی کے 6 ایونٹس کی میزبانی کے لیے کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی اگلے سال ستمبر، اکتوبر تک اپنے کرکٹ ایونٹس کی میزبانی کا فیصلہ کرے گا۔


وسیم خان نے مزید کہا کہ پی سی بی، آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کے لیے پیشکش کرچکا ہے، امید ہے کہ ستمبر یا اکتوبر تک وہ اگلے ایونٹس کے میزبانوں کا اعلان کردے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 2023 سے2027ء کے ایف ٹی پی سائیکل میں جنوبی افریقہ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں کے ساتھ زیادہ سیریز رکھیں گے۔

پی سی بی سی ای او نے یہ بھی کہا کہ کوشش ہوگی کہ سیریز میں کم از کم 3 ٹیسٹ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ فی الحال ایف ٹی پی میں کوئی ونڈو نہیں رکھی جارہی، سینئرز کے ساتھ شاہینز، انڈر 19 اور انڈر 16 ٹیموں کےلیے بھی دو طرفہ سیریز منعقد کی جائیں گی۔

وسیم خان نے کہا کہ پروٹوکولز کے معاملے پر نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا میں ہوئے تجربات سے بھی سبق حاصل کریں گے اور اپنے انتظامات کو مزید بہتر کرے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2021 پاکستان کرکٹ کیلئے کافی مصروف سال ہو گا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور زمبابوے کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی۔

پی سی بی سی ای او نے کہا کہ 2022ء میں بھی آسٹریلیا اور انگلینڈ فل سیریز کیلئے پاکستان آئیں گی۔

تازہ ترین