پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ میری کپتانی کا دور مختلف تھا اور آج کا دور مختلف ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ڈیجیٹل کے لیے رمیز راجا کو انٹرویو دیتے ہوئے مصباح الحق نے نیوزی لینڈ کو ہوم گراؤنڈ پر مشکل حریف قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ ہوم گراؤنڈ پر ہمیشہ مشکل حریف ہوتا ہے، اگر بیٹنگ نے پرفارمنس دی تو مجھے بولنگ پر پورا بھروسہ ہے۔
ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ میں جو بھی کنڈیشنز ہوں گی، اس کے حساب سے ہم تیارہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ وائٹ بال کرکٹ میں قریب ترین ایونٹ ورلڈ ٹی 20 ہے، جس کی تیاری کے لیے دورہ نیوزی کافی اہم ہے۔
مصباح الحق نے کپتان بابر اعظم کو کلیدی کھلاڑی قرار دیا اور کہا کہ خواہش ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل ہو۔
انہوں نے کہاکہ کسی بھی حکمت عملی کی تشکیل کےلئے دستیاب وسائل کو دیکھنا ضروری ہے، میرا بطور کپتان دور مختلف تھا، آج کا دور مختلف ہے۔
رمیز راجا کے سوال کے جواب میں مصباح الحق نے کہا کہ ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کے دو عہدوں میں سلیکٹرز کی ذمے داریاں پوری طرح نبھانے کا وقت مشکل تھا۔
ان کا کہنا تھاکہ ٹیم کو اعظم خان جیسے پلیئر کی ضرورت ہے لیکن اُس کی فٹنس بھی دیکھنی ہے، شرجیل خان کا بھی یہی مسئلہ ہے۔
ہیڈ کوچ نے یہ بھی کہا کہ عثمان قادر پر انویسٹ بھی کیا تھا اس لئے زاہد محمود پرترجیح دی گئی۔