پشاور (پی پی آئی)جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کیخلاف مبینہ کرپشن اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں انکے 5 قریبی ساتھی قومی احتساب بیورو (نیب) پشاور کے سامنے پیش ہوئے۔ نیب ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کے پانچ قریبی ساتھی بشمول ابرار احمد، محمد جلال ، دین محمد اور ابرار علی شاہ نے اپنے بیانات ریکارڈ کر ا ئے۔نیب ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھیوں کو سوال نامہ بھی دیا گیا۔ نیب ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف مبینہ کرپشن اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کی تحقیقات جاری ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل نیب نے مولانا فضل الرحمان کے دو قریبی ساتھی گل اصغر اور نور اصغر کو بطور گواہ پیش ہونے کیلئے طلب کرلیا تھا۔ ذرائع کے مطابق دونوں گواہوں کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے اور وہ مولانا فضل الرحمٰن کے بہت ہی قریبی تصور کئے جاتے ہیں۔ دونوں گواہان باپ بیٹے ہیں۔