راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت راولپنڈی ڈویژن کے جج سہیل ناصر نے دو مقدمات کے ملزمان کو قید اور جرمانے کی سزا سناتے ہوئے تیسرے کیس کے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ عدالت نے رواں برس تیرہ مئی کو حضرو اٹک سے 900گرام چرس اور 290گرام افیون برآمد ہونے کے الزام میں ملوث ملزم ساجد محمود کو اکیس ماہ قید تیرہ ہزار روپے جرمانہ اور عدم ادائیگی جرمانہ ساڑھے چار ماہ قید دینے کا حکم دیا۔رواں برس بیس جنوری کو 1800گرام آئس سعودی عرب لیجانے کی کوشش پر ائرپورٹ سے گرفتار ملزم بختی خان کے مقدمہ میں ایک ہی روز پانچ گواہ، بیان ملزم اور فریقین کے وکلاء کی بحث مکمل ہونے کے بعد ملزم کی طرف سے اقبال جرم کر لینے پر پانچ ماہ قید اور اٹھارہ ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے 31اکتوبر کو ترکی ٹال پلازہ سے گاڑی کے خفیہ خانوں سے دو کلو چرس برآمد ہونے پر گرفتار ملزم شہزاد اختر کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ۔