اسلام آباد(نمائندہ جنگ)بھارتی وزیرعظم نریندر مودی نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی والدہ شمیم بیگم کی وفات پر ان کے نام تعزیتی خط بھجوادیا۔اسلام آباد میں بھارتی سفارتخانے کے ناظم الامور گورو اہلووالیا نے تعزیتی خط مریم نواز کو ارسال کردیا۔
بھارتی سفارتخانے کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن نے 11 دسمبر کو تعزیتی خط میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو لاہور کے پتے پر ارسال کیا ہے، جس میں تعزیتی خط لندن میں میاں نواز شریف تک پہنچانے کی درخواست کی گئی تھی۔
نریندر مودی کی طرف سے نواز شریف کو 27 نومبر کو لکھے گئے تعزیتی خط میں بھارتی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ میاں صاحب، آپ کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر بہت افسوس ہوا اور دکھ کے اس وقت میں آپ سے اظہار تعزیت کرتا ہوں،2015 میں مختصر دورے میں آپ کی والدہ سے ملا تھا
ان کی سادگی اور گرم جوشی بہت متاثر کن تھی،نریندر مودی کا کہنا تھا میں خدا سے دعاگو ہوں کہ آپ کو اور آپ کے خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کاحوصلہ عطا فرمائے۔