کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن شو آف ہینڈ کے ذریعہ نہیں ہوگا بلکہ بیلٹ پیپر اوپن ہوگا، سابق ٹیسٹ کرکٹر شاہد آفریدی نے کہا کہ محمد عامر کے کرکٹ چھوڑنے کے ذمہ دار کرکٹ بورڈ اور محمد عامر دونوں ہیں،ماہر امراض انفیکشن ڈاکٹر فہیم یونس نے کہا کہ مجھے کورونا ویکسین لگوائے چوبیس گھنٹے ہوگئے کوئی منفی ری ایکشن نہیں آیا۔وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی جماعتوں کو ہمیشہ ہارس ٹریڈنگ کا گلہ رہا ہے، وزیراعظم کی اوپن ووٹ کے ذریعہ سینیٹ الیکشن کی تجویز انتخابات سے پہلے کی ہے، شو آف ہینڈ ممکن نہیں کیونکہ ہر ایم پی اے نے 11ووٹ دینا ہوتے ہیں، سینیٹ الیکشن شو آف ہینڈ کے ذریعہ نہیں ہوگا بلکہ بیلٹ پیپر اوپن ہوگا، سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ پیپر کے ذریعہ ہونا شفافیت کا طریقہ ہے، اپوزیشن کو تو سینیٹ الیکشن سے متعلق اس تجویز پر خوش ہونا چاہئے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق آئینی ترمیم قومی اسمبلی سے منظور ہوکر پارلیمانی کمیٹی میں جاچکی ہے، کچھ عرصہ سے جو صورتحال ہے اس کی وجہ سے حکومت اور اپوزیشن میں اس پر بات چیت نہیں ہوسکی، اپوزیشن اور حکومت کو ان باتوں پر مذاکرات شروع کرنے چاہئیں جن پر اتفاق ہوسکتا ہے، حکومت اور اپوزیشن کو اب تک انتخابی اصلاحات پر آگے بڑھ جانا چاہئے تھا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ استعفوں کا فیصلہ نواز شریف اور آصف زرداری نے کرنا ہے، دونوں جہاندیدہ سیاستدان ہیں انہیں پتا ہے سسٹم سے باہر ہونے کی قیمت کیا ہوتی ہے، بہت مشکل ہوگا کہ نوبت استعفوں تک آئے ،لاہور جلسے کے بعد اپوزیشن کا شوق پورا ہوگیا ہے، اگلے ہفتے دس دن میں معاملات بہتری کی طرف جاتے نظر آجائیں گے، کم از کم سطح پر کچھ نہ کچھ رابطے ہوتے رہتے ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ لاہور کے جلسے کے بعد سیاسی ٹمپریچر واضح طور پر نیچے آیا ہے، سامنے لیڈرشپ فیصلے کرنے والی نہیں ہے، پیچھے بیٹھی فیصلے کرنے والی لیڈرشپ کو پتا ہے معاملات کدھر جائیں گے، مولانا فضل الرحمٰن سسٹم سے باہر ہیں اس لئے انہیں استعفے دینے میں دلچسپی ہوگی، جو لوگ نظام کے اندر ہیں ان کو استعفوں کے نتائج کا اندازہ ہے، وزیراعظم عمران خان این آر او دینے پر آمادہ نہیں باقی چیزوں پر بات چیت ہوتی رہتی ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کو احساس ہے کہ وزیراعظم اور حکومت کو ہٹانا ممکن نہیں ہے۔