اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی توہین نہیں ہونی چاہیے‘اسلام آباد کے تھانوں میں شہریوں کو عزت ملے گی، تین ناکوں کے سوا تمام ناکے ختم کئے جائیں گے‘ پولیس کی تنخواہوں میں اضافہ کریں گے، اکاموڈیشن کے لئے جگہ فراہم کریں گے۔جمعرات کو پولیس لائنز کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس کو اکاموڈیشن کے لئے 800 کنال اراضی فراہم کرنے کی تجویز ہے‘پولیس کے لئے فنڈز میں اضافہ کیا جائے گا‘ وفاقی دارالحکومت کو سیف سٹی بنایا جائے گا۔