• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ: گیس پریشر درست نہ ہونے کیخلاف خواتین، بچوں اور شہریوں کا پھر دھرنا

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں شدید سرد موسم میں گیس پریشر کا مسئلہ حل نہ ہونے پر شہریوں کے احتجاج کا سلسلہ نہ تھم سکا ، کلی خلی اور ملحقہ علاقوں کی خواتین ، بچوں اور شہریوں کا ایک مرتبہ پھر مغربی بائی پاس پر دھرنا ، گیس پریشر بحال نہ ہونے پر آئندہ دھرنا گورنر اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دینے کا اعلان کردیا۔ جمعرات کو کلی خلی اور ملحقہ علاقوں کی خواتین ، بچوں اور شہریوں نے مغربی بائی پاس پر گیس پریشر درست نہ ہونے کے خلاف دھرنا دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ تین روز قبل بھی علاقہ مکینوں کے مغربی بائی پاس پر احتجاجی دھرنے کے دوران سوئی سدرن گیس کمپنی اور ضلعی انتظامیہ نے تین دن کے اندر گیس پریشر بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی تاہم تین روز گزر جانے کے باوجود سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام نے گیس پریشر میں اضافے کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جس پر ایک مرتبہ پھر علاقہ مکین سراپا احتجاج ہیں ۔ مظاہرین نے افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت اور سوئی سدرن گیس کمپنی شہریوں کے احتجاج کو اہمیت نہیں دے رہی اگر گیس پریشر بحال نہ ہوا تو آئندہ دھرنا گورنر اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دیا جائیگا جو پریشر بحال ہونے تک جاری ررہے گا۔مظاہرین نے حلقہ سے منتخب ارکان صوبائی و قومی اسمبلی کی عوامی مسائل سے عدم دلچسپی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کلی خلی اور ملحقہ علاقوں میں گیس پریشر میں کمی اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیکر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔
تازہ ترین