کراچی (اسٹاف رپوٹر) پاکستان تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی کی جانب سے لاڑکانہ میں جلسہ کرنے کے خلاف قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کروادی۔ درخواست پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی خرم شیرزمان، شہزاد قریشی، بلال غفار اور راجہ اظہر نے سیکریٹری سندھ اسمبلی کو جمع کروائی۔ قرارداد میں موقف اختیار کیا گیا کہ سندھ میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں جلسہ روکا جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے،دکانیں بند کرائی جارہی ہیں تو دوسری طرف جلسے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ملک میں جلسے کرکے کورونا پھیلایا ہے۔ملک میں اسپتال بھر چکے ہیں لیکن پیپلز پارٹی کو لاڑکانہ میں جلسہ ضرور کرنا ہے۔دعا کرنے آنے والے کورونا لیکر جائیں گے۔