بالی ووڈ کی نئی اُبھرتی ہوئی اداکارہ اور نواب اداکار سیف علی خان کی صاحبزادی سارہ علی خان کا کہنا ہے کہ وہ خود کو بے حد خوش قسمت سمجھتی ہیں، جس کی انہوں نے وجہ بھی بتائی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ سارہ علی خان نے بہت کم وقت میں بالی ووڈ میں بڑی جگہ بنا لی ہے۔ اسٹار کڈ ہونے کے باوجود سارہ علی خان نے اپنی اداکاری اور گلیمرس انداز سے فلموں میں بڑا مقام حاصل کیا ہے۔
اداکارہ سارہ علی خان نے سال 2018 میں سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ فلم ’کیدر ناتھ‘ سے بالی ووڈ میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، اپنے چھوٹے کیریئر میں سارہ علی خان نے کئی بڑے اداکار اور ہدایت کاروں کے ساتھ کام کیا ہے، جن میں ابھیشیک کپور، روہت شیٹھی اور امتیاز علی جیسے ہدایت کار شامل ہیں۔
سارہ علی خان جلد ہی نامور ہدایت کار ڈیوڈ دھون کی فلم کلی نمبر-2 میں نظر آنے والی ہیں، جو اس سال کے آخر میں ریلیز ہوگی۔ یہ فلم 1995 میں ریلیز ہونے والی گووندا اور کرشمہ کپور کی فلم کلی نمبر-1 کا ریمیک ہے۔
حال ہی میں دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں سارہ علی خان نے کہا کہ ’میں خود کو بہت خوش قسمت محسوس کرتی ہوں اور میں سمجھتی ہوں کہ فلمیں ہدایت کاروںکے لیے ایک ذریعہ ہےجس کی مدد سے وہ اپنی بات کہہ سکیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کوئی اداکار اپنے ڈائریکٹر سے ہی جانا جاتا ہے، میں بہت خوش قسمت ہوں کہ مجھے کئی عظیم اور باصلاحیت ہدایت کار کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے۔‘
سارہ علی خان نے مزید کہا کہ ’میں بہت شکر گزار ہوں اور اُمید کرتی ہوں کہ آگے بھی مجھے ایسے ہی باصلاحیت لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملتا رہے گا۔ ‘
فلم کلی نمبر-2 کے بعد سارہ علی خان کی اگلی فلم ’اترنگی رے‘ بھی جلد ریلیز ہونے کو تیار ہے، اس فلم میں وہ کھلاڑی اداکار اکشے کمار کے ساتھ نظر آئیں گی، فلم کے ہدایت کار آنند ایل رائے ہیں۔