بلوچستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا 2 مریض انتقال کر گئے، صوبے کے 4 اضلاع سے کورونا کے 12 نئے مریض سامنے آگئے، جبکہ صوبے میں کورونا میں مبتلا 46 مریض صحت یاب ہو گئے۔
محکمۂ صحت بلوچستان کے جاری رپورٹ کے مطابق جمعے کو صوبے میں 337 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیئے گئے۔
ان ٹیسٹ کے نتیجے میں صوبے کے 4 اضلاع سے 12 نئے کیسز سامنے آئے، جس کے بعد صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار 880 ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا 46 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 304 ہوگئی۔
چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا 2 مریضوں کا انتقال ہو گیا جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے انتقال کر جانے والوں کی تعداد 179 ہو گئی۔
محکمۂ صحت کے مطابق کوئٹہ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 250 ٹیسٹ کیئے گئے، اس دوران کورونا کے 4مریض سامنے آ گئے، کوئٹہ میں آج کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شر ح 1 اعشاریہ 6 فیصد رہی۔