کراچی (اسٹاف رپورٹر/ ٹی وی رپورٹ) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا ایجنڈا قومی احتساب بیورو(نیب) کا خاتمہ ہے، پی ڈی ایم ہوائی فائرنگ کررہی ہے، پی ڈی ایم نے ایسا کوئی کام نہیں کیا جو حکومت کے خاتمے کیلئے ہو۔پیپلز پارٹی نے سندھ حکومت کو چھوڑا تو ہم سمجھیں گے وہ واقعی سنجیدہ ہے۔عمران خان نےکہا تھا لوگ نکلیں گے تو استعفیٰ دے دوں گا، اب تو لوگ نکل رہے ہیں، دیکھتے ہیں عمران خان وعدے نبھاتے ہیں یا پھر یوٹرن لیتے ہیں۔اہل کراچی کا یہ مطالبہ جائز ہے کہ ان کی آبادی کو درست شمار کیا جائے، کراچی کے نوجوانوں کو روزگار دیا جائے، وفاقی وصوبائی حکومتیں کراچی کے عوام کے ساتھ مذاق بند کریں اور بنیادی مسائل حل کریں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی نے کراچی کے عوام کومقامی قیادت سے محروم رکھنے کے لیے بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر اتفاق کیا ہوا ہے،وزیر اعظم عمران خان نے کراچی آکر 1100ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا، وزیر اعلیٰ سندھ کہتے ہیں کہ اس میں 8سوارب روپے سندھ حکومت کے شامل ہیں،یہ دونوں مل کر کراچی کے عوام کے ساتھ مذاق کررہے ہیں، کراچی سرکلر ریلوے کے اعلانات صرف نمائشی اقدامات ثابت ہورہے ہیں، اسٹیل مل کے 4500ملازمین کو بے روزگار کردیا، اب ریلوے کو نیلام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن اگر حکومت نے ایسا کرنے کی کوشش کی تو جماعت اسلامی ریلوے کے ملازمین کے ساتھ مل کر حکومت کا پہیہ جام کرے گی۔