کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی وپبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئر مین اختر حسین لانگو نے گوادر باڑ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں سے بنیادی حقوق چھینے جارہے ہیں وزیراعلیٰ کو پتہ ہی نہیں کہ صوبے کو تقسیم کیا جارہا ہے اپوزیشن نے ہمیشہ عوامی مسائل پر آواز بلند کی ہے لیکن حکمران مسائل کی حل کی بجائے الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے طرز پر حزب اختلاف پر بھڑک جاتے ہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ گوادر میں فینسنگ کا عمل گوادر کی عوام کی نقل وحرکت محدود اور اس کو دیگر اضلاع سے الگ کرنے کے مترادف ہے بلکہ یہ شہریوں سے بنیادی حقوق چھیننے کی کوشش ہے وفاق بلوچستان میں جنوبی اضلاع کا شوشہ چھوڑ کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کے لئے عمل پیرا ہیں بد قسمتی سے ہمارے وزیراعلیٰ صاحب کو پتہ ہی نہیں کہ صوبے کو تقسیم کیا جارہا ہے اگر اپوزیشن عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرتی ہے تو حکمران اپوزیشن کی مسائل سے متعلق آواز کو سیاسی رنگ دیکر خود کو اس سے مبرا قرار دینے کی کوشش کررہا ہے حالانکہ بلوچستان اسمبلی میں حزب اختلاف نے ہمیشہ حقیقی عوامی مسائل کی نشاندہی کی ہے اور اس پر اسمبلی فلور سمیت ہر پلیٹ فارم پر آواز بلندکی ہے لیکن یہاں چور کوتوال کو ڈانٹے جیسا عمل جاری ہے حکمران عوامی مسائل کی بجائے حزب اختلاف کی جانب سے نشاندہی پر بھڑک جاتی ہے اور مسائل کی نشاندہی کو سیاسی رنگ کا نعرہ لگا کر خاموشی اختیار کرلیتے ہیں ۔