• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن تحریک ناکام ہوگی، انہیں بے نقاب کیا جائے، عمران خان

اپوزیشن تحریک ناکام ہوگی، انہیں بے نقاب کیا جائے، عمران خان


اسلام آباد (این این آئی‘جنگ نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو اپوزیشن کی جانب سے نیب قانون میں مجوزہ ترامیم سامنے لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن نے نیب قانون میں ترمیم کی شکل میں این آر او مانگا۔

اپوزیشن کی تحریک کا دوسرا مرحلہ بھی ناکام ہوگا‘اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کا واضح موقف ہے، نوازشریف اور مولانا فضل الرحمان کو ہر فورم پر بے نقاب کریں‘فضل الرحمان نے اثاثے بنائے انہیں نیب کے سامنے سرنڈر کرنا ہوگا‘ قانون سے کوئی بالا تر نہیں ۔ 

پیر کوعمران خان کی زیر صدارت پارٹی و حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں کو اپوزیشن کی جانب سے نیب قانون میں مجوزہ ترامیم سامنے لانے کی ہدایت کردی۔ 

وزیر اعظم نے کہاکہ اپوزیشن کی تحریک صرف این آر او کے لیے ہے، انہوں نے 34 صفحات لکھ کر ہم سے این آر مانگا۔حکومتی ترجمانوں نے بتایاکہ نوازشریف اور فضل الرحمان اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے کوششیں کرتے رہے۔ عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو متحرک ہونے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہم جہاد کررہے ہیں مافیا ہمارے خلاف پراپیگنڈہ کررہے ہیں۔ 

وزیر اعظم نے کہاکہ اپوزیشن کہتی ہے ایک ارب سے کم کرپشن پر نیب کارروائی نہ کرے،اپوزیشن کا مطالبہ ہے کرپشن پر نااہلی کی سزا ختم ہو،سینیٹ کے شفاف انتخابات پر اپوزیشن کا دوہرا معیار سامنے آیا ہے‘ہم شفاف سینیٹ الیکشن کرانا چاہتے ہیں۔

اپوزیشن کہتی ہے ہم شفاف انتخابات کے لیے نکلے ہیں تاہم دوسری طرف اوپن بیلٹ انتخابات کی مخالفت کررہے ہیں ۔وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء کو کارکردگی پر توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں تو ہر کابینہ رکن کو اضافی محنت کرنا پڑے گی لہذا عوام کو ریلیف فراہمی میں حائل رکاوٹوں کودورکریں۔

تازہ ترین