ترجمان خیبر پختونخوا حکومت شفیع جان کا کہنا ہے کہ 10 ارب کی قومی ائیر لائن بیچ دی گئی، مریم نواز کے شوق پورے کرنے کیلئے 11 ارب روپے کا جیٹ خرید لیا گیا، 17 سیٹوں کی پارٹی نے 19سیٹوں کا طیارہ خرید لیا، دو سیٹیں بیگ اٹھانے والوں کیلئے ریزرو ہیں۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ رہائی فورس کا اعلان اسٹریٹ موومنٹ کے تناظر میں کیا گیا ہے، اس فورس کو سہیل آفریدی لیڈ کریں گے، باقاعدہ رجسٹریشن ہوگی اور حلف لیا جائے گا۔
شفیع جان نے کہا کہ رہائی فورس قانون و آئین کے دائرے کے اندر رہ کر پر امن کام کرے گی، سیاسی کمیٹی کی دو میٹنگز ہو گئیں، سب سے مشورے لیے جائیں گے، سب کی آراء کی روشنی میں یہ چیز آگے بڑھے گی لیکن فورس ضرور بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ اگست 2025 سے سرخ تھی، جس کا بہنوں نے پوچھا بھی تھا، بانی پی ٹی آئی کو رات کے اندھیرے میں 2 مرتبہ شفٹ کیا گیا جو جیل مینوئل کے خلاف ہے، صحت کا معاملہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی دیکھے گی، فیملی کی ڈیمانڈز کے ساتھ پی ٹی آئی کھڑی ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ تحریک کی ذمہ داری اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس کے پاس ہے، بانی پی ٹی آئی کی صحت پر ہم سیاست نہیں کرنا چاہتے، حکومت سیاست کر رہی ہے۔