• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مذہب کے نام پر جبر، خوف پھیلانے نہیں دینگے، طاہر اشرفی

لاہور(وقائع نگار خصوصی)نمائندہ خصوصی وزیراعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ کسی کو مذہب کے نام پر جبر اور خوف پھیلانے کی اجازت نہیں دینگے۔ اسرائیل کے حوالے سے پاکستانی قوم اور ریاست کی پالیسی وزیر اعظم بتا چکے ہیں۔ مولانا شیرانی ، مولانا فضل الرحمٰن کے حوالے سے بہتر جانتے ہیں، وہ انکی جماعت کے ذمہ دار ہیں۔ پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے تمام مذاہب و مسالک کے لوگ حکومت اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں، اقلیتوں کے مسائل کے حل کیلئے موجودہ حکومت نے بہت سارے اقدامات کیے ہیں۔ دوماہ سے جبری مذہب کی تبدیلی اور توہین ناموس رسالت کے قانون کے غلط استعمال کا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔ پاکستان میں رہنے والی اقلیتیں دو نمبر شہری نہیں، ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان علماءکونسل نے لاہور میں تمام مسالک و مذاہب کے رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا وزیر خارجہ کا دورہ امارات اور سعودی سفیر کی آرمی چیف اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں طے شدہ ہیں، ہر چیز میں ذرائع ابلاغ کو سنسنی نہیں پھیلانی چاہیے۔ نیا سال پاک عرب تعلقات میں مزید مضبوطی ، استحکام کا سال ہو گا۔ اسرائیلی اور بھارتی میڈیا کے ذریعے پاکستان میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی سازش ہو رہی ہے ، ان سازشوں کو مل کر ناکام بنانا ہے۔مسیحی برادری نے صحت اور تعلیم کے میدان میں بے شمار خدمات سرانجام دی ہیں۔  

تازہ ترین