• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی سفیر کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات

اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم عمران خان سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی ۔ملاقات میں دو طرفہ تعاون اور کووڈ۔19 کی صورتحال پرتبادلہ کیا گیا۔ عمران خان اور سعودی سفیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کااظہار کیا۔ دریں اثناءعمران خان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنا ایک بڑا چیلنج ہے، سرسبز علاقوں میں درختوں کو کاٹ کر بڑی عمارتیں کھڑی کر دی گئیں، ماضی کی حکومتیں جنگلات کی اراضی سیاسی مقاصد کیلئے لوگوں کو لیز پر دیتی رہیں، ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے کوالٹی پر خصوصی توجہ دینا ہو گی، ملک میں زیتون کی پیداوار بڑھا کر خوردنی تیل کی درآمد پر اخراجات کم کر سکتے ہیں، شہد کی پیداوار بڑھانے کے منصوبہ سے مقامی لوگوں کو بہت فائدہ ہو گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو بلین ٹری سونامی منصوبہ کے تحت ملک میں شہد کی پیداوار بڑھانے کے پروگرام کے اجراءکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں جنگلات کے رقبہ میں تیزی سے کمی ہوئی ہے، ہم نے بحیثیت قوم اپنے دریاؤں کو آلودہ کر دیا ہے، درخت کاٹ دیئے گئے ہیں، سندھ میں 70 فیصد زیر زمین پانی آلودہ ہو چکا ہے، فضاءمیں بھی بہت آلودگی ہے، سردیوں میں لاہور کی فضاءمیں آلودگی خطرناک حد سے بھی تجاوز کر جاتی ہے، آئندہ نسلوں کیلئے سرسبز پاکستان چھوڑنے کیلئے تیزی سے منصوبہ بندی اور اس پر عمل کرنا ہو گا‘ ماضی کی حکومتوں نے جنگلات کی اراضی سیاسی مقاصد کیلئے لوگوں کو لیز پر دی۔پچھلے 20 سال میں ملک میں 70 فیصد جنگلات ختم کر دیئے گئے ۔

تازہ ترین