معروف بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس 7 کی فاتح اداکارہ و ماڈل گوہر خان اور ٹک ٹاکر زید دربار کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے۔
گزشتہ روز بالی ووڈ اداکارہ گوہر خان اور ٹک ٹاکر زید دربار کی مہندی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس کی تصویریں جہاں سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں تو وہیں گوہر خان نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی مہندی کی تقریب کی تصاویر شیئر کی ہیں۔
گوہر خان کی جانب سے شیئر کی جانے والی تصویروں میں وہ خوبصورت پیلے رنگ کے عروسی لباس میں ملبوس ہیں جبکہ اُن کے منگیتر نے پیلے رنگ کا کُرتا زیب تن کیا ہوا ہے۔
تصویروں میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گوہر خان اور زید دربار بہت خوش ہیں۔
گوہر خان نے انسٹاگرام پر تصویریں پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’جب ہم دونوں ایک ساتھ ملتے ہیں تو خاص لمحات تشکیل دیتے ہیں۔‘
بالی ووڈ اداکارہ نے اس خوشی کے موقع پر اللّہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ’الحمداللّہ‘ بھی لکھا۔
دوسری جانب ٹک ٹاکر زید دربار نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی اور گوہر خان کی مہندی کی تقریب کی تصویریں شیئر کی ہے۔
بھارتی شوبز کی اس نئی جوڑی کو بڑی تعداد میں دُنیا بھر سے محبت بھرے پیغامات موصول ہورہے ہیں۔
واضح رہے کہ گوہر خان اور زید دربار رواں ماہ 25 دسمبر کو رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوں گے۔