اسلام آباد(نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ عمران خان نے عہدہ اور اختیارات کا استعمال کرکے گھر ریگولرائز کرایا، غیر قانونی گھر ریگولرائز کرانے والے سی ڈی اے افسران کیخلاف کارروائی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار احسن اقبال، اسحق ڈار اور رانا ثناء اللہ نے الگ الگ بیانات میں کیا۔ سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے احتساب عدالت میں پیشی کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خلاف وہ شخص کیس بنا رہا ہے جس نے سی ڈی پر دباؤ ڈال کر بنی گالہ سے غیرقانونی تعمیر کو قانونی تعمیر میں تبدیل کیا، عمران خان نے سینکڑوں غریبوں کے گھر غیرقانونی قرار دیکر گرا دیئے۔عمران خان کا گھر غیر قانونی طور پر ریگولرائز کرنے والے سی ڈی اے کے افسران کیخلاف کارروائی ہو گی،بنی گالہ کا این آر او لینے والوں کو معاف نہیں کرینگے،زون تھری میں آنے والی جگہ کو زون فور میں ڈال کر قانونی کروا لیا گیا، عمران خان نے اپنے عہدہ اور اپنے اختیارات کا استعمال کر کے گھر ریگولرائز کرایا، نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کھنڈر میں تبدیل ہو چکا ہے۔ادھر ٹوئٹر پر پیغام میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے وزیراعظم عمران خان کی ایک پوسٹ شیئر کی جس میں وزیراعظم کی جانب سے کہا گیا کہ بغیر تیار ی کسی کوحکومت میں نہیں آنا چاہیے ۔