• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیماڑی: پراسرار گیس کا معاملہ پھر اٹھ گیا، 2 افراد جاں بحق، 22 متاثر


کراچی کے علاقے کیماڑی میں ایک بار پھر پراسرار گیس سے علاقہ مکین بیمار ہونے لگے ہیں، 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ترجمان ضیاء الدین اسپتال کے مطابق گزشتہ رات پراسرار گیس سے متاثرہ 11 افراد کو اسپتال لایا گیا۔

ان میں سے 2 افراد انتہائی نازک حالت میں کیماڑی سے ضیا الدین اسپتال لائے گئے۔

ترجمان کے مطابق دونوں افراد کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی مگر وہ جان کی بازی ہار گئے۔


ضیاء الدین اسپتال کے ترجمان نے مزید کہا کہ دونوں جاں بحق مریضوں میں وہی تمام علامات موجود تھی جو فروری میں پراسرار گیس سے متاثرہ افراد میں موجود تھیں۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ 2 دن کے دوران 22 متاثرہ افراد کو کیماڑی سے ضیاء الدین لایا جاچکا ہے، ان تمام مریضوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔

ترجمان ضیاء الدین اسپتال کے مطابق تمام افراد کو طبی امداد کی فراہمی کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔


ذرائع کے مطابق ان دنوں بھی بندرگاہ پر جہازوں سے سویا بین اتاری جارہی ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس فروری میں بندرگاہ پر سویا بین اتارتے ہوئے علاقے میں لوگوں کی اموات ہوئی تھی۔

دوسری جانب ترجمان کے پی ٹی کا کہنا ہے کہ کراچی بندرگاہ پر سویابین ہینڈلنگ عالمی معیار کے مطابق ہے، سویابین ہینڈلنگ کھلی فضاء میں نہیں کررہے۔

ترجمان کے پی ٹی کا مزید کہنا ہے کہ جب ضرورت سمجھیں گے سویابین ہینڈلنگ کی تصاویر شایع کریں گے۔

تازہ ترین