• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلیمی اداروں کی بندش کیخلاف لانگ مارچ کریں گے، کاشف مرزا

پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے رہنما کاشف مرزا کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کی بندش کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کریں گے۔

’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے رہنما کاشف مرزا نے یہ بات کہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں 14 فیصد طلباء کے پاس نیٹ کی سہولت ہے، یوکے میں کورونا وائرس کی دوسری لہر اسکولوں کی وجہ سے نہیں پھیلی۔


کاشف مرزا کا یہ بھی کہنا ہے کہ یورپ میں ہر جگہ تعلیمی ادارے کھلے ہوئے ہیں، ہم ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش برقرار رکھنے کے فیصلے کو مسترد کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، یہاں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی کے بعد اب ان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان ایک بار پھر 29 ویں نمبر سے 28 ویں پر آگیا ہے۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 256 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 111 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 1 ہزار 782 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی ) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 9 ہزار 668 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 65 ہزار 70 ہو چکی ہے۔



24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 37 ہزار 173 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 64 لاکھ 28 ہزار 240 ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے ملک بھر میں کُل 38 ہزار 268 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 2 ہزار 361 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 4 لاکھ 17 ہزار 134 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین