اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سینیٹ اور ضمنی انتخابات میں حصہ لینے اور استعفوں کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں فاصلے بڑھنے لگے ہیں اور (ن) لیگ نے باضابطہ طور پرمولانا فضل الرحمٰن سے پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی ہدایت پر پی ڈی ایم کے سیکرٹری جنرل شاہد خاقان عباسی نے مولانا فضل الرحمٰن سے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات جو طویل ملاقات کی۔
اس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور خاص کر پیپلز پارٹی کی موجودہ پالیسی اور حکومت سے بیک ڈور رابطوں پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔
شاہد خاقان عباسی کا موقف تھا کہ پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس جلد بلایا جانا چاہیے تاکہ اس صورتحال پرغور کیا جائے کیونکہ استعفوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی جو لائن اختیارکرکے آگے بڑھ رہی ہے وہ پی ڈی ایم کی لائن نہیں ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے واضح کیاکہ وہ آئندہ چند روز میں پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بلائینگے اوراس میں کھل کرباتیں ہونگی۔