• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی والے کڑاکے کی سردی کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہو جائیں، پیر سے انتہائی شدیدسردی پڑنےکا امکان ہے جس کے دوران درجۂ حرارت 10 ڈگری سے نیچے جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔

شہر کا کم سے کم درجۂ حرارت 10اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی ریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

شہرِ قائد میں شمال مشرق کی سمت سے 10 سے 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 34 فیصد ہے ۔

ملک کے بیشترعلاقوں میں سرد موسم کا راج ہے، بلوچستان کے بالائی علاقوں میں آج سے بارش اور برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

بلوچستان میں آج (ہفتہ 26 دسمبر) سے سردی کی ایک نئی لہر کے داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث 30 دسمبر تک بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سرد ہوائیں چلنے اورسردی کی شدت میں اضافے امکان ہے۔


محکمۂ موسمیات نے ہفتہ اور اتوار کے دوران بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بارش اور برف باری کا الرٹ جاری کر دیا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ ہفتے کی صبح ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہو گا اور اتوار کے روز ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں تک پھیل جائے گا جس کے باعث ہفتے کی شام سے اتوار کے دوران کوئٹہ، ژوب، زیارت، بارکھان اور قلعہ سیف اللّٰہ میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی توقع ہے۔

بارش اور برف باری کے بعد چلنے والی سرد ہواؤں سے بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

تازہ ترین