کراچی کے ضلع جنوبی میں کورونا وائرس ایس او پیزکی خلاف ورزی پر کارروائی کی گئی ہے۔
کراچی جنوبی کے علاقے کلفٹن میں واقع ایک شادی ہال اور ایک ہوٹل کو سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ ماسک نہ پہننے پر 13 افراد پر جرمانے عائد کیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 2 لاکھ 9 ہزار 429 ہو چکی ہے، جبکہ کُل اموات 3 ہزار 462 ہو گئیں۔
دوسری جانب پاکستان بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، یہاں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی کے بعد اب ان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان ایک بار پھر 29 ویں نمبر سے 28 ویں پر آگیا ہے۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 260 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 63 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 1 ہزار 531 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی ) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 9 ہزار 816 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 69 ہزار 482 ہو چکی ہے۔
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 36 ہزار 909 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 65 لاکھ 23 ہزار 842 ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے ملک بھر میں کُل 39 ہزار 177 فعال مریضوں میں سے 2 ہزار 840 مریض اسپتالوں میں داخل ہیں، جن میں سے 2 ہزار 357 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 4 لاکھ 20 ہزار 489 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔