• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ڈیفنس اور کلفٹن میں وارداتیں کرنے والے ’ویک اینڈ گینگ‘ کے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ساؤتھ پولیس کے مطابق ملزمان کا گروہ کراچی کے پوش ایریاز میں وائٹ کرولا میں وارداتیں کرتا رہا، ملزمان کے منظم گروہ نے دو ہفتہ وار چھٹیوں کے دوران کلفٹن ڈیفنس کے 15 بنگلوں میں وارداتیں کیں۔

کراچی ساؤتھ پولیس کے آپریشن اور انویسٹی گیشن افسران کی مشترکہ ٹیم نے ٹیکنیکل طریقے سے گرفتاریاں کیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے 6 سے 8 نومبر کے جمعہ سے اتوار تک پوش علاقے کے 9 گھروں کو لوٹنے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان 21 اور 22 نومبر کی ہفتہ وار چھٹیوں کے دوران کلفٹن کے 6 بنگلوں کو لوٹنے میں ملوث رہے۔

وارداتوں کیلئے کراچی میں قیام کے دوران ملزمان نے فیملی کیلئے گھر کرایہ پر حاصل کیا، کرائے پر لیے گھر کے آدھے حصے میں فیملی اور باقی حصے میں ڈکیت رہائش اختیار کرتے تھے۔

ساؤتھ پولیس کے مطابق گروہ کا آرگنائزر کراچی میں واٹر ٹینکر چلاتا رہا، پشاور کراچی کیلئے بس بھی ڈرائیو کی۔  گرفتار ملزمان ناصر شاہ عرف حاجی، آصف خان، سردار اور راج ولی کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان لوٹ مار کا کچھ حصہ دکھاوے کے لیے ساتھ رکھی گئی فیملی کو بھی دیتے تھے۔

تازہ ترین