لندن، کراچی( جنگ نیوز) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کھلاڑی اور روایتی حریف بھارت کے سابق کھلاڑی انگلینڈ میں اگلے ماہ تین میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔انگلینڈ میں قائم سلوہ ہاکی کلب نے پاکستان اور بھارت کے سابق ہاکی کھلاڑیوں کے درمیان تین میچوں کی میزبانی کا بیٹرا اٹھایا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گرلال بٹر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دنیائے ہاکی کے دو بڑے نام ہیں، دونوں ملکوں کے سابق کھلاڑیوں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا انعقاد دلچسپ ہوگا۔ہاکی سیریز کے تمام میچ سلوہ میں قائم ہاکی کلب میں 13، 14اور 15مئی کو ہوں گے۔ پاکستانی ٹیم میں محمد عتیق ،محمد رضوان، محمد خالد، عدنان ذاکر، اختر علی، محمدعمران، محمد شریف، محمد حسین، محمد ثقلین، ریحان بٹ، سلمان اکبر، محمد ارشد، بابر عبداللہ، علی افراز، طارق عزیز، شامل ہیں جبکہ طاہر زمان ٹیم کے کوچ ہوں گے۔ہندوستانی ٹیم میں دیپک ٹھاکر پرپجوت سنگھ، سرونتیج سنگھ، یوراج والمیکی، گبراج سنگھ، کملدیپ سنگھ، ہرپال سنگھ، وکرام کنتھ، راجپال سنگھ، نسلیش اپانا، ایندرجیت سنگھ، گورجندر سنگھ، تیرون پریرا، کنڈانڈا اپانا اور بوپیا کنڈانڈا شامل ہیں،ٹیم کے کوچ سندیپ سگوان ہوں گے۔سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن شہباز احمد سینئر کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف کو ان میچوں پر بھی کوئی اعتراض نہیں بلکہ پاک۔انڈیا ہاکی کے سابق کھلاڑیوں کے درمیان سیریز کا انعقاد خوش آئند ہے۔پاکستانی ٹیم کے کوچ طاہر زمان نے کہا کہ کھلاڑیوں کے ویزے حاصل کرنے کے لیے درخواستیں دی گئی ہیں۔