پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ آج بینظیر بھٹو کی برسی پر اسٹیج پر کوئی بھٹو نہیں ہوگا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ لاڑکانہ میں لوگ ایڈز اور تھر میں بچے بھوک سے مر رہے ہیں، مگر سندھ حکومت اپنی نااہلیوں کے باعث مزید لوگوں کی جان کی دشمن ہے۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ بھر کے مزارات کورونا وائرس کی وجہ سے بند ہیں، مگر گڑھی خدا بخش کے مزار کو کھول کر لوگوں کو بلایا جا رہا اور ان کی جانوں کو خطرے میں ڈالا جارہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ وزراء بڑی تعداد میں اسلحہ لائسنس لے رہے ہیں لگتا ہے پاکستان پیپلز پارٹی اپنی ملیشیا فورس بنا رہی ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ آج جلسے میں عوام بی بی کی اصلی وصیت دکھائیں اور بتائیں کہ ان کے دور میں بی بی کے قاتل گرفتار کیوں نہیں کیا گیا ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ آج مولانا فضل الرحمٰن خود پر لگے الزام کا جواب دینے کی بجائے دھرنے کی بات کر رہے ہیں، مولانا عالم کا لبادہ اوڑھ کر ملک میں بغاوت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔