• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حسبِ روایت اِمسال بھی ہم نے سنڈے میگزین کے پلیٹ فارم سے سالِ نَو کے موقعے پر پیغامات لکھ بھیجنے کا سندیسہ دیا۔ جواباً تمنائوں اور دُعائوں کے ساتھ میٹھے لفظوں میں گُندھے اپنوں کے نام، آپ کے ڈھیروں ڈھیر پیغامات موصول ہوئے۔ چوں کہ ان سب کی ایک ساتھ اشاعت ممکن نہیں، لہٰذا ہم انہیں ترتیب وار شایع کرنے کا اہتمام کر رہے ہیں۔ لیجیے، اس سلسلے کی پہلی اشاعت حاضر ہے۔

(والدین کے لیے)

جانِ عزیز امّی، ابّو ! میری جانب سے آپ دونوں کو نیا سال مبارک ہو۔ ( نہال بلال، ریلوے روڈ، حیدرآباد سے)

(عباسی برادری کے نام)

سالِ نو مبارک ہو۔ دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ سب کو دُنیا و آخرت کی کام یابی و سُرخ روئی عطافرمائے(آمین)۔ (قدیر احمد، عامر اور ضمیر عباسی، اورنگی ٹاؤن، کراچی کی جانب سے)

(اہلِ وطن کے لیے)

آپ سب کو سالِ نو مبارک ہو۔ (وسیم گلزار اور بہنیں، کراچی )

(نئےسال2021ء کے نام)

گزشتہ برس کورونا وائرس کی وجہ سے خوف وہراس کی فضا طاری رہی۔ اللہ تبارک تعالیٰ سے دُعا ہے کہ نئے سال کے سورج کی کرنیں امن اور خوش حالی کا پیغام لائیں اور دُنیا بَھر سے اس وبا کا خاتمہ ہوجائے(آمین)۔ ( بنتِ سومر خانگل، کلی ترخہ، کوئٹہ کے احساسات)

(پیاری بیگم اور بچّوں کے لیے)

نیا سال مبارک ہو۔ دُعا ہے کہ اللہ پاک مجھے کاروبار میں ترقّی و کام رانی عطا فرمائے، تاکہ مَیں آپ سب کےفرائض بخوبی ادا کرسکوں۔ (عمران احمد شیخ، کراچی )

( بڑے پاپا، چاچو اور چاچی کے لیے)

بڑے پاپا محمّد نعیم، چاچو اسرار اور چچی جان! ہیپی نیو ایئر۔ دُعا ہے کہ یہ برس ہم سب کے لیے امن و آشتی کا پیغام لے کر آئے۔ (محمّد شمیم، حسن اور حسنین، کراچی کا پیغام)

(اہلِ وطن کے نام)

اہلِ وطن کو سالِ نو مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا دامن خوشیوں سے بَھر دے اور ہمیں کووِڈ19سے محفوظ رکھے(آمین)۔ (فیصل نسیم،جناح کالونی، اورنگی ٹاؤن، کراچی کی دُعا)

(اہلِ خانہ کے لیے)

ابرار، اویس بھائی اور پیاری بہنو! آپ سب کو نیا سال مبارک ہو۔ ( فہد اسماعیل قریشی، کراچی )

(فیملی کے نام)

ہماری جانب سے آپ سب کو سالِ نو مبارک ہو۔ (علی ،حسنین، سمیرا اور بریرہ،کراچی کی جانب سے)

(اہلِ وطن کے لیے)

دُعا ہے کہ نئے سال میں کورونا وائرس کا خاتمہ ہوجائے۔ آپ سب کو سالِ نو کی خوشیاں مبارک ہوں۔ ( ارسلان، گوہر اور الحان قریشی، میرپور ساکرو ، ضلع ٹھٹّھہ کی تمنّا)

(کالج کے دوستوں کے نام)

غلام مصطفیٰ، عبدالحمید، توفیق، رزاق اور علی حسن! آپ سب کو نیا سال مبارک ہو۔ (ایم آئی قریشی، کراچی کا پیغام)

(پیارے بھائی کے لیے)

اویس بھائی! آپ کو ہم سب کی جانب سے شادی اور نئے سال کی مبارک باد قبول ہو۔ (عبید، نیلم، برہان اور نسیمہ، اورنگی ٹاؤن، کراچی کی طرف سے)

(رشتے داروں اور دوستوں کے لیے)

آپ سب کو نیک تمناؤں کے ساتھ سالِ نو مبارک ہو۔ دُعا ہے کہ 2021ء ہم سب کے لیے خوشیوں بَھرا اور کورونا وائرس سے مکمل طور پر نجات کا سال ثابت ہو۔ ( نیاز احمد، دانیال، جویریہ اور لائبہ، کراچی کی دِلی خواہش)

(اسکول ہیڈ ماسٹر اور اساتذہ کے نام)

اپنے آبائی شہر جنگ شاہی،ٹھٹّھہ کے تمام اساتذہ اور ہیڈ ماسٹر کو میری جانب سے ہیپی نیو ایئر۔ (حاجی خلیل الرحمٰن اور دیگر، کراچی سے)

(اُمّتِ مسلمہ کے لیے)

یا اللہ! اپنے پیارے نبی پاک ﷺ کے صدقے نئے سال کو اُمّتِ مسلّمہ کے لیےاَن گنت خوشیوں، مسرتوں، اور کام یابیوں کا گہوارہ بنادے۔ (حمیرا گل، کوئٹہ سے)

(اہلیانِ گھارو کے لیے)

آپ سب کو2021ء مبارک ہو۔ (ناصر اور یاسر قریشی، گھارو کا پیغام)

(اپنے پیاروں کے لیے)

آپ سب کے لیے دل کی گہرائیوں سے ہیپی نیوایئر۔ (آصف، طارق اور شاہ زیب، جناح کالونی، اورنگی ٹاؤن، کراچی )

(جنگ، سنڈے میگزین کے قارئین کے لیے)

سنڈے میگزین کے تمام قارئین ،خصوصاً پروفیسر منصور علی، نواب زادہ خادم ملک، ضیاالحق قائم خانی، افضل شاہین، شہزاد ہ بشیرنقشبندی، مصباح طیّب، اسلم قریشی اور دیگر کو میری جانب سے سالِ نو مبارک ہو۔ ( محمّد اسحاق قریشی، غوثیہ کالونی، اورنگی ٹاؤن، کراچی کا نذرانہ)

(قارئین کے نام)

مجھے سب سے بس یہی پوچھنا ہے کہ سالِ گزشتہ ہم نے کیا کھویا اور کیا پایا، کیا ہم نے آخرت کے لیے بھی کوئی تیاری کی؟اگر نہیں، تو 2021ء ضایع نہ کریں کہ اللہ نے نئے سال کی صُورت ہمیں ایک موقع عطا کیا ہے۔ (سمیع عادلوف، جھڈو، ضلع میرپورخاص کی اُمید)

(پیارے بیٹے، ڈاکٹر عادل محمود کے لیے)

میرے لختِ جگر! اگرچہ اس وقت تم بہت دُور امریکا میں ہو، لیکن ہر وقت اپنی امّی، بہنوں اور پیاری بھانجی عائرہ نوید کے دِل میں رہتے ہو۔ اللہ تعالیٰ تمہیں اپنی حفظ و امان میں رکھے اور نیا سال تمہاری زندگی میں خوشیوں اور مسرتوں کے گُل کھلا دے۔ (وزیر محمود شاکر،بحریہ ٹاون، راول پنڈی کا بے لوث تحفہ)

( پیارے دوست، بشیر احمد ڈار کے نام)

میری جانب سے نیا سال مبارک ہو۔ دُعا ہے کہ سالِ نو آپ کے اور آپ کی فیملی کے لیے مسرت و شادمانی لائے۔ ( سہیل احمد ثاقب، محمود آباد، کراچی کی طرف سے)

(اپنوں کے نام)

دادی امّی، تایا ابّو، تائی امّی اور تمام بہن بھائیو! سالِ نو مبارک ہو۔ دُعا ہے کہ نیا سال ہم سب کے لیے خوشیوں کے تحفے لائے۔ ( نیلم برہان نفیس، اورنگی ٹاؤن، کراچی کی دُعا)

(کیڈٹ کالج، پٹارو کے دوستوں کے لیے)

جان سے پیارے دوستو! دِل کی اتھاہ گہرائیوں سے نیا سال مبارک ہو۔ ( ضیاء الحق قائم خانی، جھڈو سے)

(پیاری ٹیچر، ایمن اجمل کے نام)

ٹیچر جی! مجھے نویں اور دسویں کے دو سالوں کے دوران آپ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ مجھ سمیت پوری کلاس آپ کی حاضر دماغی اور ذہانت کی قائل تھی۔ ربِ کریم سے دُعا ہے کہ نیا سال آپ کے لیے خوشیوں بَھرا ثابت ہو اور آپ کی دِل کش مُسکراہٹ ہمیشہ قائم رہے۔ (عیشاء نیاز رانا، صادق آباد کی دُعا)

(ڈئیر ساجد بھائی کے نام)

ہماری جانب سےآپ کو نئے سال اور شادی کی بہت بہت مبارک باد قبول ہو۔ دُعا ہے کہ یہ سال آپ کے لیے ڈھیروں خوشیوں کا پیام بَر ثابت ہو۔ (شکیل، عابد، ماجد، زین اور دیگر بھائی، اورنگی ٹاؤن، کراچی سے)

(انسانیت کے نام)

اللہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ لاکھوں انسانوں کی قاتل، یہ موذی وبا، کورونا اپنے منطقی انجام تک جاپہنچے۔ (حمیدہ گل، کوئٹہ کی ندا)

(پوری دُنیا کے مسلمانوں کے لیے)

یا اللہ! اپنے پیارے نبیﷺ کی اُمّت پر رحم فرما اور ہمیں اس موذی وبا سے نجات دلا دے۔ (گل عطر، ڈیرہ اللہ یار کی فریاد)

(متاعِ جاں، پاپا کے نام)

ہر برس مجھے اپنے گولڈ میڈلسٹ پاپا کی شدّت سے ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ افسوس کہ ایک قاتل نے پوری انسانیت کو ایک مسیحا سے اور ایک بیٹی کو اپنے باپ سے ہمیشہ کے لیے جدا کردیا۔ ( دختر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز حسین، کوئٹہ کا دُکھ)

(جان سے عزیز والدین(مرحومین)کے نام)

مجھے یاد ہے،جب بھی نئے سال کا سورج طلوع ہوتا، تو مَیں سب سے پہلے آپ دونوں کو مبارک باد دیتی، جواباً ڈھیروں ڈھیر دُعائیں بھی ملتیں۔ نیا سال اب بھی آتا ہے، مگر اب آپ کی دُعائیں نہیں ہوتیں۔ آہ! اب وہ دَور خواب ہوگیا ہے۔ دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ دونوں کو جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے(آمین)۔ (شاہین سلمیٰ، نارتھ کراچی، کراچی سے)

(پیارے بابا، اِرشاد علی غوری کے لیے)

بابا! ممّا کہتی ہیں کہ مَیں آپ کی آنکھوں کا تارا ہوں۔ آپ کی جان مجھ ننھّی پَری میں ہے۔ تھینک یو سو مچ بابا فار یور لَو! آپ دُنیا کے بیسٹ بابا ہیں۔ نیا سال مبارک ہو۔ یہ سال آپ کے لیے ڈھیروں خوشیاں ، کام یابیاں لائے اور ہم پر آپ کا سایا سدا سلامت رہے(آمین،ثمّ آمین)۔ (آپ کی لاڈلی بیٹی، اِرشاحہ اِرشاد غوری)

(اہلِ وطن کے لیے)

سالِ گزشتہ، لاکھوں برسوں کی طرح وقت کا وہ مختصر سا حصّہ تھا، جسے ہم پیچھے چھوڑ آئے ہیں۔ وقت پر ہمارا اختیار اُسی لمحے ختم ہو جاتا ہے، جب ہم اُسے گزار دیتے ہیں۔ اصل غور طلب بات تو یہ ہے کہ کیا ہم نے 2020ء میں اپنے رب کا فرماں بردار بن کر اپنا نام جنّت کی اعلیٰ ترین منزل کے لیے رجسٹر کروایا یا پھر اپنی باغیانہ روش پر قائم رہے؟2020ء میں جدید ٹیکنالوجی کے باوجود ہم کووِڈ19 پر قابو نہ پا سکے۔ کیا کورونا جیسی مہلک وبا نے بھی ہماری آنکھیں نہیں کھولیں۔کیا ہی اچھا ہو کہ ہم بحیثیت ’’اللہ کے نائب‘‘ اپنا محاسبہ کریں، اپنی کارگزاری کا جائزہ لیں اور پھر خود ہی فیصلہ کریں کہ ہم نے اپنے رب کے عطا کردہ منصب کا صحیح معنوں میں حق ادا کیا، یا نہیں اور یہ بھی سوچیںکہ کیا یہ جشن منانے کا مقام ہے یا کفِ افسوس ملنے کا؟؟ (شہلا خضر، ناظم آباد، کراچی کے سوالات)

(والدین کے لیے)

سالِ نو کے موقعے پر مَیں اپنے والدین کو خراجِ تحسین پیش کرنا چاہتی ہوں۔ بے شک میرے والدین کا شمار عام افراد میں ہوتا ہے، مگر انہیں جو وصف سب سے منفرد بناتا ہے، وہ ہے، اُن کا اپنی اولاد کی تربیت۔ ہم چار بہنوں کا ایک بھائی ہے۔ اس کے باوجود انہوں نے کبھی اولادِ نرینہ کو ہم پر فوقیت نہیں دی۔ محدود وسائل کے باوجود سب کے ساتھ ایک جیسا حُسنِ سلوک کیا، زندگی گزارنے کا ڈھب سکھایا، بعدازاں شادی بیاہ کے فرائض بھی ادا کیے۔آج ہم سب والدین کی تربیت ہی کی بدولت خوش و خرّم زندگی گزار رہے ہیں۔ہیپی نیوائیر۔ (صبا کوثر بنتِ محبوب عالم کے جذبات)

ای میل کے ذریعے موصول ہونے والے پیغامات

(اُمّتِ مسلمہ اور اہلِ خانہ کے نام)

اللہ پاک سے دُعا ہے کہ نیا سال اُمتِ مسلمہ کے لیے خیر کا برس ثابت ہو اور امّی جان، کاشف، وجّی اور تنزیل کو ہر بُری نظر سے محفوظ رکھے۔گزشتہ برس ابّو ہم سب کو سوگ وار کرگئے اور یہ پہلا سال ہے، جس میں ابّو ساتھ نہیں ہیں۔ اللہ تعالیٰ اُن کے درجات بُلند فرمائے۔ (طاہرہ جبیں، کراچی سے)

(جنگ گروپ کے لیے)

ہماری جانب سے جنگ گروپ سے وابستہ تمام افراد کو نیا سال مبارک ہو۔(فریداقبال انجم، ڈاکٹر محمّد فصیح اور محمّد مسعود علی،پاک پتن کی جانب سے)

(رشتے داروں اور دوستوں کے نام)

میری طرف سے آپ لوگوں کو نیا سال مبارک ہو۔اگر میری کوئی بات آپ سب کے لیے تکلیف کا باعث بنی ہو،تو درگزر کردیجیے گا۔دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو پیار، محبّت اور خلوص کی ڈوری میں پروئے رکھے۔ (مریم ریاض، لاہور کی استدعا)

(اپنے پیاروں کے لیے)

چہرے کو جھاڑ، دِل سے کدورت نکال دے

دیوار سے گزشتہ برس کا کیلنڈر اُتار دے (لیاقت مظہر باقری، گلشنِ اقبال، کراچی سے)

(پاکستانی قوم کے نام)

میری جانب سے ہم وطنوں کو ہیپی نیوایئر۔ (اسماعیل ملک کی جانب سے)

(میری پیاری سہیلی، آمنہ کے لیے)

پیاری سہیلی!دُعائوں کے اَن مول خزانے کے ساتھ نیا سال مبارک ہو۔ (فہیم مقصود، والٹن روڈ، لاہور کینٹ کی دِلی تمنّا)

(جان سے پیارے، اپنوں کے نام)

پیاری امّی شاداب زہرا اور ریاض فاطمہ! آپ دونوں کو میری جانب سے نیا سال مبارک ہو۔ دُعا ہے کہ آپ دونوں کا سایہ تادیر سلامت رہے۔ (آپ کی بیٹی)

تازہ ترین