• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ کی سیاست دفن کرکے مریم نواز گڑھی خدا بخش آئیں، علی محمد


کراچی (ٹی وی رپورٹ)وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے آج جو لائن کاٹی اس پر بہت سے لوگ اداس ہیں، مریم نواز ن لیگ کی چالیس سالہ سیاست دفن کر کے گڑھی خدا بخش آئیں پیپلز پارٹی نے دو دن میں ان کی لٹیا ڈبودی، پی ڈی ایم کی تحریک بارہ مصالحے کی چاٹ ہے، اپوزیشن لیڈرز چلتے پھرتے خودکش بمبار ہیں،۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر اور وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ بھی شریک تھے۔محمد زبیر نے کہا کہ حکومت خواجہ آصف کو گرفتار کر کے دباؤ بڑھانا چاہتی ہے مزید رہنما گرفتار ہوسکتے ہیں، ن لیگ کے لیڈرز بہادر ہیں عمرا ن خان کی طرح پیچھے سے دیوار پھلانگ کر نہیں بھاگتے، پاکستان میں کچھ قوتیں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ نہیں چاہتیں،شیخ رشید نے وزیرداخلہ بن کر خواجہ آصف کو گرفتار کر کے پہلا وار کیا ہے۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ خواجہ آصف کی گرفتاری کی شدیدمذمت کرتے ہیں، پی ڈی ایم میں کوئی دراڑ نہیں حکومت کو گھر بھیج کر دم لیں گے، وفاقی حکومت کی نالائقیوں کیخلاف ضمنی انتخابات میں عوام سے فیصلہ لیں گے، استعفے دینے تک ہر سیاسی عمل کا حصہ رہیں گے۔وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ ہرنائی میں ایف سی کے سات جوان شہید ہوئے، کچھ لوگ پاکستان کیلئے شہادتیں دے رہے ہیں کچھ لوگ اپنی رام لیلیٰ کی کہانی میں پڑے ہوئے ہیں،آصف زرداری نے آج جو لائن کاٹی اس پر بہت سے لوگ اداس ہیں، پی ڈی ایم میں صرف یہ اتفاق ہے کہ جو تھانیدار ہمارے پیچھے آیا ہے اسے چلتا کرو باقی آپس میں دو دو ہاتھ کرلیں گے، حکومت نیب کو کنٹرول نہیں کرتی ہے، نیب نے خواجہ آصف کو گرفتار کیا تو وجوہات ہوں گی۔ علی محمد خان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی تحریک اس قابل نہیں کہ ہم اس کا جواب دیں، پی ڈی ایم کی تحریک بارہ مصالحے کی چاٹ ہے، اپوزیشن لیڈرز چلتے پھرتے خودکش بمبار ہیں، پی ڈی ایم کا ایک شخص کراچی میں اردو اور مہاجروں کے پیچھے پڑجاتا ہے پھر لاہور آکر لاہوریوں کو گالی دیتا ہے، پی ڈی ایم کے اسٹیج سے بلوچستان کی آزادی کے بھی نعرے لگے،گلگت بلتستان میں عوام نے پی ڈی ایم کو مسترد کردیا۔ علی محمد خان نے کہا کہ یہ کہتے ہیں گلگت بلتستان الیکشن میں مریم کس کو کہہ رہی تھیں کہ عمران خان کو گھر بھیجو،اس کا مطلب یہ چاہتے ہیں ملک میں مارشل لاء لگ جائے، نواز شریف نے گوجرانوالہ جلسے میں وہ باتیں کیں جو نریندر مودی کرتا ہے۔

تازہ ترین