پشاور(نیوزڈیسک) خیبر پختون خوا کے وزیر قانون وپالیمانی امور اور انسانی حقوق سلطان محمد خان نے ھدایات دی ہے کہ ضلع چارسدہ میں کلا ڈھیر فلائی اوورپر تعمیری کام بلا تعطل جلد شروع کیا جائے اور تعمیری کام کے معیار کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے یہ ھدایات انہوں نے پشاور میں کلا ڈھیر فلائی اوور کے حوالے سے منعقدہ بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ وزیر قانون کو فلائی اوور کے متعلق تفصیلی بریفنگ خیبر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی کے مینیجنگ ڈائریکٹر عامر درانی نے دی۔ اجلاس میں دیگر متعلقہ عہدیداران بھی شریک تھے۔ وزیر قانون نے کہا کہ مذکورہ فلائی اوور کی تکمیل سے بڑی حد تک چارسدہ بازار میں ٹریفک کے مسائل حل ہونے میں مدد ملے گی۔ اجلاس کے دوران چارسدہ بازار سے گاڑیوں کے رش سے مکمل چٹھکارا حاصل کرنے کیلئے دیگر تجاویز بھی زیر بحث لائی گئیں جن پر سلطان خان نے کہا کہ مزید پراجیکٹس اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کریں گے۔ سلطان محمد کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے ادوار میں ضلع چارسدہ کی ترقی پر کبھی دھیان نہیں دیا گیا لیکن ضلع چارسدہ کو ماڈل ضلع بنانا ان کا مشن ہے جو میگا پراجیکٹس کی منظوری کے بعد بہت جلد عملی صورت میں چارسدہ کے عوام کو نظر آئے گا۔