• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک پیسے کی بھی کرپشن نہیں کی،سپیکر اسد قیصر نے خود کو احتساب کیلئے پیش کردیا

صوابی(  نمائندہ جنگ)سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر نے خود کو احتساب کیلئے پیش کرتے ہوئے کہا  ہےکہ انہوں نے ایک پیسے کی کرپشن نہیں کی نہ ہی انہوں نے پیسوں کی دکان گرم کی بلکہ خود کو روز اول سے ہی عوام کی بے لوث خدمت کیلئے وقف کر رکھا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے مرغز صوابی میں اپنی رہائشگاہ پر    اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے  سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ وہ شب و روز عوام خدمت میں مصروف ہیں غلطیاں ہوسکتی ہیں مگر کسی کو بدگمانی یا غلط فہمی کا شکار نہیں ہونا چاہئے انہوں نے کہا کہ حکومت میں مختلف قسم کی مشکلات ہوتی ہیں کیونکہ وفاق صوبے کے ساتھ عدم تعاون کی پالیسی پر گامزن ہے انہوں نے کہا کہ بجلی کے خالص منافع کی مد میں صوبے کے ستر ارب روپے بنتے ہیں جبکہ صوبے کو ابھی تک ایک پیسہ بھی نہیں ملا بلکہ مرکز اس بارے میں تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے۔سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ انہوں نے جتنے ترقیاتی منصوبے شروع کیئے ہیں صوابی کی تاریخ میں اتنے بڑے منصوبے پہلے کبھی نہیں ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کسی کا کوئی کام نہیں ہوا تو وہ انکی بے توجہی سے نہیں بلکہ حکومتی مجبوریوں کے باعث ہوا ہوگا انہوں نے کہا کہ پارٹی ورکر میرے دست و بازو اور قوت ہیں اور انہیں اپنے ورکروں پر ناز ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے کوئی جذبات و احساسات مجروح ہوئے ہیں تو وہ اس بارے میں معذرت کرتے ہیں۔سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ وہ ہر ورکر کا دل و جان سے احترام کر تے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے ورکروں میں کوئی فرق نہیں رکھا البتہ سپیکر کے عہدے کے تقاضوں‘ ناگزیر سرکاری مصروفیات کے باعث شاہد کسی کو کوئی مشکل درپیش آئی ہو انہوں نے کہا کہ سپیکر کے عہدے کی تنخواہ انہوں نے شوکت خانم ہسپتال کیلئے وقف کر کھی ہے جبکہ سپیکر ہائوس کا خرچہ ان کا ذاتی وانفرادی ہے۔سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ عوام ان کے خلاف منفی پروپیگنڈے میں نہ آئیں کیونکہ عوام کو منفی پروپیگنڈے سے کسی بھی صورت دھوکہ نہیں دیا جاسکتا۔
تازہ ترین