اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 2اراکین قومی اسمبلی نے استعفوں کی تصدیق سے انکار کردیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے دونوں لیگی اراکین کے استعفوں کا آڈٹ کرانے کا عندیہ دیدیا۔
بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی نے بدھ کو سیکرٹری قو می اسمبلی سے ملاقات کی ہے، مرتضی جاوید عباسی اور محمد سجاد نے استعفوں کی تصدیق سے انکار کیا ہے اور بتایا کہ یہ استعفے ہمارے نہیں ہیں، دونوں ارکان نے بتایا کہ یہ استعفے جعلی ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ (آج)جمعرات کو دونوں ارکان اسمبلی کے استعفوں سے متعلق رائے دونگا، معاملے پر قانونی پہلو کا جائزہ لیکر فیصلہ کرینگے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے دو اراکین اسمبلی مرتضی جاوید عباسی اور محمد سجاد کے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی کو موصول ہوئے تھے، جس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے ان کو تصدیق کیلئے بلایا تھا۔