برطانوی شخص کو ادویات کے مضر اثرات کے کیس میں 70 ہزار پاؤنڈ کی بھاری رقم مل گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی شخص کے وکیل کا کہنا ہے کہ دوا کھانے کے بعد مذکورہ شخص مجبوری میں کپڑوں کی خریداری کرنے لگا اور اسے سٹے بازی کی لت لگ گئی۔
وکیل کا کہنا ہے کہ درخواست گزار ٹانگوں کی تکلیف کے لیے تجویز کردہ ادویات کی وجہ سے زبردستی جوئے اور خریداری کی عادت میں مبتلا ہوا، جس کے سبب اس نے ڈاکٹر پر 70 ہزار پاؤنڈ معاوضے کا کیس کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وکیل کا کہنا ہے کہ درخواست گزار نے ڈاکٹر سے 70 ہزار کا معاوضہ وصول کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 66 سالہ برطانوی شخص کو 2017 میں ٹانگوں کی تکلیف کے سبب روپینیرول تجویز کی گئی تھی، جو ایک ڈوپامائن ہے، لیکن اسے اس دوا کے مضر اثرات سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔
برطانوی شخص کے مطابق اس کو اس سے قبل گھڑ سواری کا شوق تھا لیکن ادویات کے استعمال کے بعد جوئے اور خریداری کی لت لگ گئی۔
متاثرہ شخص اکثر آدھی رات کو اُٹھ کر موبائل فون پر جوا کھیلتا اور ماہی گیری کا سامان خریدنے لگا۔
وکیل کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ اس کیس سے اہم سبق سیکھا جائے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ مستقبل میں مریضوں کو اس طرح کی دوائیوں کے ممکنہ مضر اثرات کے بارے میں درکار تمام معلومات فراہم کی جائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کی جانب سے ذمہ داری قبول کیے بغیر مالی تصفیہ پر اتفاق کیا گیا تھا۔