نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر، سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ حکمران ٹولہ ناکام ہوچکا ہے، حقیقی جمہوریت کی بحالی اور پارلیمنٹ کی بالادستی تک جدوجہد جاری رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کراچی میں نیشنل پارٹی سندھ کے عہدیداروں اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نےکہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ جمہوری اداروں کی بحالی، آئین و قانون کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے ملک بھر میں عوام کو منظم اور متحرک کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جو لوگ حکمرانی کررہے ہیں وہ مکمل طور پر ناکام ہو چکےہیں اور اس بات کااعتراف حکمران ٹولہ خود بھی کررہا ہے آج ملک میں قانون کی حکمرانی نام کی کوئی چیز موجود نہیں، ملکی وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حزب اختلاف کے رہنمائوں کو سیاسی انتقام کی بھینٹ چڑھا کر ان کےخلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات بنائے جارہے ہیں یہ صورت حال سراسر عدل و انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔