پشاور (نیوز ایجنسی) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گزشتہ روز کرک کے علاقے ٹیری میں مشتعل ہجوم کی طرف سے مسمار کئے گئے مندر کو دوبارہ تعمیر کرنے کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مندر کی جلد تعمیر کو یقینی بنا ئے گی، متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں، واقعے میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے، صوبائی حکومت اقلیتوں کے مقدس مقامات کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ سے اقلیتی حقوق کمیشن کے سربراہ شعیب سڈل نے ملاقات کی اور کرک واقعے سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ اقلیتی رکن قومی اسمبلی رمیش کمار اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ اس موقع پر گفتگو میں وزیراعلیٰ نے اس واقعے کو انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔