وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے پشاور میں دلیپ کماراور راج کپور کے آبائی گھروں کو عجائب گھر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس طرح کے منصوبوں کی بدولت ہم پشاور کو سیاحت اور ثقافت کا مرکز بنائیں گے۔
پشاور سے جاری ویڈیو بیان میں معاون خصوصی وزیر اعلیٰ برائے اطلاعات کامران بنگش کا کہنا ہے کہ حکومت کی یہ کوشش رہی ہے کہ صوبہ میں سیاحت کو فروغ ہو تاکہ صوبہ میں معاشی سرگرمیاں جاری رکھی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے حکومت کا کائیٹ پراجیک بڑا کامیاب رہا ہے۔ جس کے تحت پشاور میں دلیپ کمار کے آبائی گھراور راج کپور کی حویلی کو عجائب گھر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جہاں شہری ٹکٹ کے بغیر جاسکیں گے۔
کامران بنگش نے کہا کہ دونوں تاریخی گھروں کے لئے وزیراعلیٰ محمود خان نے 2 کروڑ 35 لاکھ روپے منظور بھی کردیے ہیں۔ جس سے دونوں گھروں کی خریداری کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبوں کی بدولت ہم پشاور کو سیاحت اور ثقافت کا مرکز بنائیں گے۔