لاہور (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف کیس کافیصلہ ایک ماہ میں ہوا،عمران خان کیخلاف فارن فنڈنگ کیس کا6سال میں نہیں ہوسکا، عمران فارن فنڈنگ کیس میں این آراولے چکے، عمران خان کے سیاسی سپورٹ کی پیچھے اسرائیلی لابی کے فنڈنگ کے ثبوت موجود ہے، 19جنوری کواحتجاج کرینگے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ عمران خان خود کو ایماندار قرار دیتے ہیں انکی چھتری تلےمافیاز اربوں روپے بنا رہے ہیں یہ کون سے ایماندار ہیں۔
نیب خواجہ آصف سے آمدن سے زائد سے پوچھ رہا ہے تو عمران خان سے پوچھے کہ وہ مجھ سے کم انکم ٹیکس دینے والے بنی گالہ میں کیسے رہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خلیفہ و رعایا کا الگ الگ قانون ہے ریاست فسطائی اور ریاست عمرانیہ ہے کیونکہ یہ دھوکہ دے کر ملک کو برباد کررہےہیں ۔پی ڈی ایم ملک کو بچانے کیلئے نکلے ہیں۔
سعودی عرب سے تعلقات خراب ہیں چین چھیالیس ارب سے انتیس ارب ڈالر لگا چکا ہے۔پی ڈی ایم پانچ فروری کو کشمیر کا سودا نہ منظور احتجاج کریگی۔ سقوط کشمیر کے عمران خان ذمہ دار ہیں۔
پی ڈی ایم پانچ فروری کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گی کشمیریوں کی غدار عمران حکومت کو کیفر کردار تک پہنچائینگے، ن لیگ آہنی جماعت ہے سو فیصد استعفے جمع کروا دئیے ہیں جب قیادت کہے گی تو کوئی بھی ایم پی اے ایم این اے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے گا۔
اپنی کامیابی کا اتنا یقین ہے جتنا کل سورج کے نکلنے کا یقین ہے۔حکومتی مشینری نے زور لگایا کہ پی ڈی ایم کا دھڑن تختہ ہوگا لیکن ان کی امیدوں کا دھڑن تختہ ہوگیا پی ڈی ایم کا اجلاس سفر میں سنگ میل ثابت ہوا ۔