• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صنم جنگ نے طلاق کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان صنم جنگ نے سوشل میڈیا پر زیرِ گردش اُن کی طلاق کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔

صنم جنگ نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے شوہر قسام کے ہمراہ ایک سیلفی شیئر کی ہے اور اس کے ساتھ طلاق کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے ایک طویل کیپشن بھی درج کیا ہے۔


اداکارہ و میزبان نے کہا کہ ’میں صرف یہ واضح کرنا چاہتی ہوں کہ قسام کے بارے میں ان افواہوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے کہ وہ مجھ سے الگ ہوگئے ہیں۔‘

صنم جنگ نے کہا کہ ’یہ افواہ میری انسٹا پوسٹ پر صارفین کے تبصروں سے شروع ہوئی ہے اور یہ سراسر مضحکہ خیز ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’صارفین کے ان تبصروں پر میں نے کسی بھی طرح کی  وضاحت پوسٹ کرنے کا ارادہ نہیں کیا تھا لیکن اب ان افواہوں نے شدت اختیار کرلی ہے اور قسام اور میرے اہل خانہ کے پاس روزانہ کی بنیاد پر متعدد فون کالز آرہی ہیں۔‘

اداکارہ و میزبان نے کہا کہ ’قسام اور میں خوشی خوشی اپنی ازدواجی زندگی گُزار رہے ہیں اور اگلے ہفتے ہم اپنی شادی کی چھٹی سالگرہ منانے والے ہیں۔‘

صنم جنگ کا کہنا تھا کہ ’الحمداللّہ، ہماری ایک خوشگوار فیملی ہے جہاں ہم خوشی خوشی ساتھ زندگی بسر کررہے ہیں اور ہم انشاء اللّہ اپنی باقی زندگی بھی ایک ساتھ گزارنے کے منتظر ہیں۔‘

اُنہوں نے تمام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’میری آپ سب سے مخلصانہ گزارش ہے کہ ایسی غیر تصدیق شدہ افواہوں کو نہ پھیلائیں۔‘

صنم جنگ نے کہا کہ ’یہ کسی کے اہل خانہ پر بہت سنگین الزام ہے اور ہم سب اس افواہ کی وجہ سے بہت پریشان ہوگئے ہیں۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’براہ کرم ہمارے اہل خانہ سے کچھ ہمدردی رکھیں کیونکہ ہم بھی آپ جیسے ہی لوگ ہیں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سے  صنم جنگ سے متعلق سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیرِ گردش تھیں کہ اُن کی طلاق ہوگئی ہے۔

صنم جنگ نے 2016 میں اپنے دیرینہ دوست قسام جعفری سے شادی کی تھی۔ قسام جعفری پیشے سے پائلٹ ہیں اور دونوں کی ایک بیٹی ہے جس کا نام الایا جعفری ہے۔

تازہ ترین