• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صنم جنگ بیٹی سمیت کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئیں

گزشتہ دنوں کورونا وائرس کی دوسری کی لہر کا شکار ہونے والی معروف اداکارہ و میزبان صنم جنگ اور اُن کی بیٹی نے اس عالمی وبا کو شکست دے دی ہے۔

اس ضمن میں صنم جنگ نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بیٹی کے ہمراہ اپنی ایک خوبصورت تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ دونوں جھولے سے لطف اندوز ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔


صنم جنگ نے مذکورہ تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’الحمد اللّہ میں اور میری بیٹی کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے ہیں۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’میں اُن تمام لوگوں کی تہہ دل سے شکرگزار ہوں جنہوں نے میری بیٹی اور میری جلد صحتیابی کے لیے دُعائیں کیں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میں اس پوسٹ کے ذریعے آپ سب کو بتانا چاہتی ہوں کہ اب ہم مکمل طور پر صحتیاب ہوچکے ہیں۔‘

صنم جنگ نے یہ بھی لکھا کہ ’قرنطینہ کے دوران مجھے بہت سارے پیغامات اور فون آئے جس کے لیے ایک بار آپ سب کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’جس طرح آپ مجھ سے محبت کرتے ہیں بالکل اُسی طرح میں بھی اپنے چاہنے والوں سے بہت محبت کرتی ہوں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں صنم جنگ نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے کی تھی۔

اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا تھا کہ میں اپنے تمام خیر خواہوں کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ میں اور میری بیٹی مکمل طور پر قرنطینہ ہوگئے ہیں اور شکر گزار ہوں کہ کوئی شدید علامات موجود نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کے متعدد فنکار کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں اداکارہ روبینہ اشرف، ماہرہ خان، گلوکار جواد احمد، بہروز سبزواری، عثمان مختار، ندا یاسر، ماڈل علیزے گبول، صحیفہ جبار، امیر گیلانی، مریم نفیس اور واسع چوہدری سمیت دیگر بھی شامل ہیں۔

تازہ ترین