اسلام آباد (وقائع نگار‘ خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ دوران ڈیوٹی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے 41 شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں‘ وزارت مواصلات نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی پٹرولنگ کی ضروریات پورا کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے جس کیلئے جرمانوں پر 50 فیصد ریونیو موٹروے پولیس کو فراہم کیا جاتا ہے۔ سی پیک گیم چینجر منصوبہ ہے اس کا مغربی روٹ اب خواب نہیں حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں میچنگ گرانٹ کے تحت 21 گاڑیاں موٹروے پولیس کے حوالہ کرنے سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی سیکرٹری مواصلات ظفر حسن‘ انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام‘ ایم ڈی نیشنل پولیس فاؤنڈیشن آفتاب پٹھان‘ ریجنل کمانڈرز‘ زونل کمانڈرز‘ سیکٹر کمانڈرز کے علاوہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی ہیڈ کواٹر اصغر علی یوسفزئی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔