لندن (سعید نیازی) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہاہے کہ برطانوی عدالت نے براڈشیٹ اور نیب کے درمیان مقدمے میں یہ فیصلہ دے کر کہ نیب اور براڈ شیٹ ایل ایل ایل سی کے درمیان قانونی تنازع میں شریف فیملی کی زیر ملکیت ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کو اٹیچ نہیں کیاجاسکتا، میرا اور میری فیملی کا بوجھ اتار دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ وہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں انصاف کا بول بالا ہوا اور لندن ہائیکورٹ نے براڈشیٹ کی جانب سے دائر کردہ مقدمے میں واضح احکام دے دئیے ، نیب کو اس مقدمے اور قانونی اخراجات کی مد میں کم وبیش 50 ملین ڈالر کا بوجھ برداشت کرنا پڑا ہے ۔اسٹین ہوپ ہائوس میں اپنے بیٹے کے دفتر کے باہر صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ یہ اللہ کانظام ہے کہ ہمیں بری کیا جا رہا ہے، انھوں نے کہا کہ برطانیہ کی ہائی کورٹ نے ہمارے خلاف ہونے والی ناانصافیوں کا جواب دے دیا ہے۔