اسلام آباد(نمائندہ جنگ/ایجنسیاں) کوئٹہ میں سانحہ مچ کے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے مریم نواز اور بلاول بھٹو آبدیدہ ہوگئے۔ہزارہ برادری کے شہدا کے لواحقین سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری آبدیدہ ہوگئے اور کچھ دیرکیلئے تقریر کرتے ہوئے رکے جس کے بعدانہوں نے اپنا خطاب مختصر کیا۔ مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کوئٹہ میں خصوصی طور پر اس نوجوان طالب علم کے گھرانے سے ملنے کی خواہش کی کہ جو سانحہ مچ میں شہید ہوگیا۔ اس کی والدہ نے بتایا کہ شہید اکلوتا بیٹا تھا،اس کا ماموں بھی اس سے قبل شہید ہوگیا، اب ان کے خاندان میں صرف خواتین ہی ہیں مرد کوئی نہیں۔بیٹے کو پڑھنے کا بہت شوق تھا اور اس نے میٹرک میں بھی ٹاپ کیا،اب ایف۔ایس۔سی کر رہا تھا، فیس دینے کیلئے پیسے نہیں تھے، ایک ماہ کیلئے کان کن کے طور پر مزدوری کر رہا تھا لیکن دہشتگردی کا نشانہ بن گیا،مریم نواز نے ماں کو سینے سے لگایا تو وہ پھوٹ پھوٹ کے رو پڑی۔ جس پر خود مریم نواز بھی آبدیدہ ہوگئیں اور دیر تک انھیں سینے سے لگا کر تسلیاں دیتی رہیں، مریم نواز نے نواز شریف کی جانب سے بھی شہدا کے خاندان کی خواتین سے تعزیت کی۔ وہ غم زدہ بیوائوں اور یتیم بچوں کے پاس بھی گئیں اور شفقت سے ان کے سر پر ہاتھ رکھا ۔