آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے کہتی ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کے پاس ترکش اداکاروں کے لیے وقت ہے لیکن ہزارہ برادری کے لیے وقت نہیں ہے۔
شرمین عبید چنائے نے وزیراعظم عمران خان کے گزشتہ روز دیے گئے گئے بیان پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انسٹاگرام پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
پاکستان فلم ساز نے اپنی انسٹا اسٹوری میں جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ’وزیراعظم عمران خان کے پاس ترکش اور پاکستانی فلمسازوں سے ملاقات کرنے کے لیے وقت ہے۔‘
شرمین عبید چنائے نے کہا کہ ’اگر عمران خان کے پاس وقت نہیں ہے تو وہ صرف ہزارہ برادری کے اُن کے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کا نہیں ہے جنہوں نے ایک افسوسناک واقعے میں اپنے پیاروں کو کھویا ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’وہ متاثرہ خاندان جنہوں نے اب تک اپنے پیاروں کی تدفین اس لیے نہیں کی کیونکہ وہ عمران خان کی آمد کے منتظر ہیں۔‘
شرمین عبید نے اپنے پیغام میں ہیش ٹیگ ’GoToQuetta‘ بھی استعمال کیا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل عمران خان نے اپنے دیگر وزراء سمیت اسلام آباد میں ترکش اور پاکستانی فلم ساز اور اداکاروں سے ملاقات کی تھی۔
دوسری جانب گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں لانچنگ تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ تدفین کے لیے وزیراعظم کی آمد کی شرط رکھنا مناسب نہیں ، کسی بھی ملک کے وزیراعظم کو اس طرح بلیک میل نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہزارہ برادری کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم آئیں تو لاشیں دفنائیں گے، دنیا میں کہیں اس طرح وزیراعظم کو بلیک میل نہیں کیا جاتا، اس طرح سب بلیک میل کریں گے، ڈاکوؤں کا ٹولہ بھی بلیک میل کرے گا۔