• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج میتیں دفنائیں، میں آج ہی کوئٹہ پہنچتا ہوں، وزیراعظم


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سانحہ مچھ  کے شہدا کو آج سپردخاک کریں، وہ آج ہی کوئٹہ پہنچ کر متاثرین سے ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں لانچنگ تقریب سے خطاب میں کہا کہ ان کی حکومت مکمل طور پر ہزارہ برادری کے ساتھ کھڑی ہے، یقین دہانی  ہیں کہ متاثرہ خاندانوں کی مکمل دیکھ بھال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تدفین کے لیے وزیراعظم کی آمد کی شرط رکھنا مناسب نہیں ، کسی بھی ملک کے وزیراعظم کو اس طرح بلیک میل نہیں کیا جاسکتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہزارہ کمیونٹی کے لوگوں پر سب سے زیادہ ظلم ہوا اور جس طرح ہزارہ برادری پر ظلم ہوا، ایسا کسی پر نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ میں گیا بھی ہوں اور اُن کا خوف بھی دیکھا ہے، مچھ میں مزدوروں کو بڑی بے دردی سے قتل کیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ بھارت پوری طرح انتشار پھیلانے کی کوشش کررہا ہے، کابینہ میں بتایا تھا کہ شیعہ علما کو قتل کرکے انتشار پھیلایا جائے گا، کراچی میں سنی عالم کو بھی قتل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بڑی مشکل سے ہم نے یہ آگ بجھائی اور پھر مچھ میں جب واقعہ ہوا تو وزیر داخلہ شیخ رشید کو کوئٹہ بھیجا، اس کے علاوہ میں نے اپنے دو وفاقی وزیروں کو بھی بھیجا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت ہزارہ برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور میں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ہم ان کا دھیان رکھیں گے، ہزارہ برادری کے تمام مطالبے مان چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہزارہ برادری کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم آئیں تو لاشیں دفنائیں گے، دنیا میں کہیں اس طرح وزیراعظم کو بلیک میل نہیں کیا جاتا، اس طرح سب بلیک میل کریں گے، ڈاکوؤں کا ٹولہ بھی بلیک میل کرے گا۔ 

تازہ ترین