گزشتہ سال بریسٹ کینسر (چھاتی کا سرطان) کو شکست دینے والی پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل نے 2021 کو خوش آمدید کرتے ہوئے 2020 اور کینسر کو الوداع کہہ دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نادیہ جمیل نے اپنی نئی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ ہمیشہ کی طرح مُسکرا رہی ہیں۔
نادیہ جمیل نے تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’اسلام علیکم 2021! الوداع کینسر اور 2020۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’میں اُس رب کی شکرگزار ہوں جس نے مجھے زندگی بخشی، الحمداللّہ آج جب سانس لیتی ہوں تو یہ ایک معجزے کی طرح لگتا ہے۔‘
اُنہوں نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ ’میری خوبصورت سوشل میڈیا فیملی کا بھی شکریہ جنہوں نے ہر لمحہ مجھے سپورٹ کیا۔‘
نادیہ جمیل نے کہا کہ ’میں جب بھی اپنی سوشل میڈیا فیملی کے بارے میں سوچتی ہوں تو میرے چہرے پر مسکراہٹ آجاتی ہے۔‘
اداکارہ نے مزید کہا کہ ’انشاءاللّہ! یہ سال ہمارے لیے خوشیوں سے بھرپور ہوگا۔‘
یاد رہےکہ نادیہ جمیل نے گزشتہ سال 3 اپریل کو ایک ٹوئٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کا اِس بات سے آگاہ کیا تھا کہ اُن کو بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔
نادیہ جمیل نے بین الاقوامی سطح پر اس مرض کا علاج کروایا جس کے بعد وہ بریسٹ کینسر کو شکست دینے میں کامیاب ہوئیں۔