• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ خوراک کے افسروں کا چارسدہ روڈ پر فلور ملوں کا دورہ

پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک کے افسران نے شاہ عالم سستا بازار اور چارسدہ روڈ پر مختلف فلور ملوں کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران افسران نے گندم کی پسائی اور سرکاری آٹے کی ترسیل کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان‘ سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان اور ڈائریکٹر محمد زبیر کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے شاہ عالم میں قائم سستا بازار کا دورہ کیا جہاں پر نرخوں سے متعلق آگاہی حاصل کی اور چارسدہ روڈ پر مختلف فلور ملوں کا دورہ کیا اور گندم کی پسائی و سرکاری آٹے کی ترسیل کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ وہ شہریوں کو بروقت اور مقررہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائیں۔ بعد ازاں گرانفروشی پر 12 دودھ فروشوں کو گرفتار کرلیا جن کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان نے اپنے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ شہریوں کو معیاری اور مقررہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور محکمہ خوراک کے افسران روزانہ کی بنیاد پر فلور ملوں اور آٹا ڈیلروں کے نرخوں کو چیک کریں اور گرانفروشی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو ریلیف دینے کی خاطر سبسڈائز آٹے کے پوائنٹس میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو گھر کی دہلیز پر آٹے کی فراہمی ممکن ہو سکے۔
تازہ ترین