• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسامہ ستی جیسے حادثے کی گنجائش نہیں، شیخ رشید کی آئی جی اسلام آباد کو تنبیہ

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مستقبل میں اسامہ ستی جیسے حادثے کی گنجائش نہیں ہے۔

وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے نئے آئی جی قاضی جمیل الرحمٰن سے ملاقات میں شیخ رشید نے اسامہ ستی کے واقعے کو اندوہناک قرار دیا۔

وزیر داخلہ نے نئے آئی جی اسلام آباد سے دارلحکومت میں امن و امان اور پیشہ وارانہ امور پر بات چیت کی۔

شیخ رشید نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں نوجوان اسامہ ستی کے قتل کا واقعہ اندوہناک ہے۔


انہوں نے نئے آئی جی اسلام آباد کو تنبیہ دی ہے کہ مستقبل میں اسامہ ستی جیسے کسی بھی حادثے کی گنجائش نہیں ہے۔

وزیر داخلہ نے واضح الفاظ میں کہا کہ اسلام آباد پولیس فورس کو پیشہ وارانہ بنانے کی ضرورت ہے۔

آئی جی اسلام آباد سے گفتگو کے دوران اُن کا کہنا تھا کہ دارلحکومت کی پولیس کے لیے نئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں لے رہے ہیں۔

شیخ رشید نے قاضی جمیل الرحمٰن کو بتایا کہ پولیس کو رہائشی سہولیات دیں گے اور اس کی مراعات میں اضافہ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس میں پیشہ وارانہ کوتاہیوں اور کرپشن کے معاملے پر زیرو ٹالرنس ہوگی۔

تازہ ترین