• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مفتاح اسماعیل کا بجلی بریک ڈاؤن پر پی ٹی آئی حکومت سے سوال


سابق وزیر خزانہ اور ن لیگ کے سینئر رہنما مفتاح اسماعیل نے بجلی کے طویل بریک ڈاؤن پر پی ٹی آئی حکومت سے سوال پوچھ لیا۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں مفتاح اسماعیل نے استفسار کیا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ ڈھائی برس میں بجلی کے سسٹم کو مزید بہتر بنانے کے لیے کیا کیا؟

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے دور میں مینٹی ننس کا عمل شروع کیا تھا، جس کا مطلب گدو، جامشورو، مظفر گڑھ وغیرہ پر انسولٹرز کی صفائی کرنا تھا۔


ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ن لیگ کے دور کے مینٹی ننس کا مطلب حفاظتی پیرا میٹرز کی جانچ اورضرورت پڑنے پر خصوصی کوٹنگ لگانا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت موسم گرما میں مینٹی ننس کے عمل میں ناکام رہی ۔

مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے دور میں این ون سسٹم کو مستحکم بنانے پر کام شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ این ون سسٹم کے تحت بڑا پاور پلانٹ بیٹھ جانے کی صورت میں سسٹم مستحکم رہتا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ این ون سسٹم پر پی ٹی آئی دور میں کام معطل کر دیا گیا، عمران خان اور ان کی ٹیم بلا شبہ نا اہل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہزاروں میل طویل ہائی وولٹیج ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن لائنز بنائیں، گرڈ اسٹیشنز اور ٹرانسفارمرز انسٹال کیے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی 24 ہزار 500 میگاواٹ بجلی پیداوار اور تقسیم کے قابل ہوئی، میں پوچھتا ہوں کہ پی ٹی آئی نے نظام میں بہتری کے لیے ڈھائی برس میں کیا کیا؟

تازہ ترین